کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع کوئٹہ کے سابق صدر ارباب اقبال اور جنرل سیکرٹری جاوید اعوان نے کہا ہے کہ پارٹی میں اختلافات کی خبروںمیں کوئی صداقت نہیں‘ تمام قائدین اور کارکن اپنے قائد نوازشریف کی قیادت میں متحد ہیں ہمارا مقصد ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہے۔ وفاق ہو یا صوبہ ہر فیصلہ نوازشریف کا مانا جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات اور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایک جماعت کے رہنما کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا کہ ہمیں کسی کو منانے کی ضرورت نہیں، وزیراعظم سے لیکر عام کارکن تک سب قائد نوازشریف کے سپاہی اور ان کے ہر فیصلے کے پابند ہیں۔ نوازشریف کی ناراضگی سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور اس طرح کا پروپیگنڈا کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ کوئٹہ ہو یا بلوچستان یا پھر پورا پاکستان ہر کارکن نوازشریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کارکن اپنے صوبائی صدر شیخ جعفر مندوخیل کی قیادت میں متحد ہیں۔