• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ہاکی فیڈریشن تنازع، حکومت ایف آئی ایچ کے فیصلے کی منتظر


کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) حکومت کی عدم توجہ کے سبب پاکستان ہاکی فیڈریشن دو دھڑوں میں تقسیم ہوچکی ہے۔ عالمی فیڈریشن کے نوٹس کے بعد جمعرات کو اسلام آباد میں دونوں فیڈریشنز کو حکومت کی جانب سے ایک میز پر بٹھایا گیا لیکن توازن کسی ایک فیڈریشن کی جانب دکھائی نہیں دیا۔ دونوں فیڈریشنوں کی جانب سے اپنی اہمیت کو تسلیم کئے جانے کا دعوی کیا جارہا ہے، تاہم ایک حکومتی عہدے دار کے مطابق قومی ٹیم کے اذلان شاہ کیلئے ملائشیا جانے کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت گیند ایف آئی ایچ کے کورٹ میں ڈالنے کی خواہش مند ہے جسے وہ تسلیم کرے گی حکومت اسی کو تسلیم کرلے گی۔ دونوں فیڈریشنز کے سیکریٹری جمعرات کے اجلاس کو اپنے حق میں قرار دے رہے ہیں۔ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود کا کہنا ہے کہ جس فیڈریشن کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) تسلیم کرے گی، ہم بھی اسی کو مانیں گے۔ ادھر شہلا رضا گروپ کراچی کیمپ سے کھلاڑیوں کو اسلام آباد بھیجنے سے متعلق اجلاس کے فیصلوں کے باضابطہ اعلان کا منتظر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں حیدر حسین کو سکریٹری برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔