راولپنڈی (نمائندہ جنگ) صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان نے کہا ہے کہ مری میں جلد پارکنگ پلازے تعمیر کئے جائینگے اور بہت جلد یہاں سیکرٹری آر ٹی اے کی تعیناتی بھی عمل میں لائے جائیگی۔ پنجاب حکومت سیاحوں کی سہولیات کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مری کے دورے کے موقع پر کیا۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب احمد جاوید قاضی بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی اور اسسٹنٹ کمشنر مری کیپٹن (ر) عبدالوہاب نے صوبائی وزیر کو ٹریفک معاملات اور پارکنگ کے حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے پارکنگ کے لئے مجوزہ جگہوں اور لاری اڈے کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع انہوں نے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ جنرل بس سٹینڈ کو درپیش مسائل پر بھی بات چیت کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مری میں جلد پارکنگ پلازے تعمیر کئے جائیں گے جبکہ تمام غیر قانونی اڈوں کے خلاف بھرپور ایکشن ہو گا۔