اولڈھم ( آصف مغل )آئرش حکومت نے سیاسی پناہ کے متلاشیوں کو واپس برطانیہ بھیجنے کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم سائمن ہیرس نے اس حوالے سے وزیر انصاف کو قانون سازی کی ہدایت کردی ۔آئرس نائب وزیراعظم مائیکل مارٹن کاکہنا ہے کہ برطانیہ کی روانڈا پالیسی پہلے ہی آئرلینڈ پر اثراندازہورہی ہے، وزیر انصاف میک ہینٹی کے مطابق جمہوریہ میں داخل ہونے والوں میں 80 فیصد برطانیہ سے آئے ہیں،رواں ہفتے ہنگامی قانون سازی کریں گے،برطانوی ہوم سیکرٹری سے بھی ملاقات ہوگی ،آئرش وزیرخارجہ نے کہا کہ روانڈا پالیسی کامطلب ہے لوگ برطانیہ میں رہنے سے خوفزد ہیں۔تفصیلات کے مطابق آئرش حکومت نے سیاسی پناہ کے متلاشیوں کو واپس برطانیہ بھیجنے کا اعلان کردیا۔ آئرش وزیر اعظم سائمن ہیرس نے آئرلینڈ کے وزیر انصاف میک ہینٹی سے کہا ہے کہ وہ اسائلم کے متلاشیوں کو برطانیہ واپس بھیجنے کے قابل بنانے کے لیے کابینہ میں قانون سازی کریں۔ہیلن میک ہینٹی نےانکشاف کیا ہے کہ جمہوریہ آنے والوں میں سے 80فیصد برطانیہ سے آئے ہیں ۔ نائب وزیر اعظم مائیکل مارٹن نے کہا کہ برطانیہ کی روانڈا پالیسی پہلے ہی آئرلینڈ پر اثر انداز ہو رہی ہے۔برطانیہ کی روانڈا پالیسی قانون سازی کے بعد جمعرات کو قانون بن گئی۔اس کا مقصد کچھ سیاسی پناہ کے متلاشیوں کو وسطی افریقی ملک بھیج کر لوگوں کو انگلش چینل عبور کرنے سے روکنا ہے۔ برطانیہ سے ابھی تک کوئی تارک وطن نہیں بھیجا گیاہے۔ برطانیہ کی حکومت نے موسم بہار تک پروازیں شروع ہونے کی امید ظاہر کی تھی لیکن وزیر اعظم رشی سوناک کا کہنا ہے کہ اب یہ 10 سے 12 ہفتوں کے اندر ہونا چاہیے۔ مسٹر ہیرس کے ایک ترجمان نے کہا کہ میک ہینٹی سے کہا گیاہے کہ محفوظ ʼتیسرے ملک سے متعلق موجودہ قانون میں ترمیم کرنے اور ناقابل قبول بین الاقوامی تحفظ کے درخواست دہندگان کی برطانیہ واپسی کی اجازت دینے کے لیے اگلے ہفتے کابینہ میں تجاویز پیش کریں۔ میڈیا سے بات چیت کے دروان میک ہینٹی کاکہنا تھا کہ بہت سی وجوہات ہیں جن کی وجہ سے ہم نے آئرلینڈ کی طرف نقل مکانی میں اضافہ دیکھا ہے، وزیر انصاف کی حیثیت سے میری توجہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہمارے پاس امیگریشن کا ایک موثر ڈھانچہ اور نظام موجود ہو۔اسی لیے میں تیز رفتار پروسیسنگ متعارف کروا رہے ہیں ۔ اس ہفتے کابینہ میں ہنگامی قانون سازی کریں گے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ہم لوگوں کو مؤثر طریقے سے یوکے واپس بھیج سکیں ،اس ضمن میں برطانوی ہوم سیکرٹری جیمز کلیئرورلی سے ملاقات ہوگی ۔ میک اینٹی نے پارلیمانی کمیٹی کو بتایا کہ شمالی آئرلینڈ اور جمہوریہ کے درمیان زمینی سرحد عبور کرنے والے لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جس کے ساتھ اب یہ کل تعداد کا 80 فیصد بنتا ہے۔ آئرلینڈ کے وزیرخارجہ مسٹر مارٹن نے کہا کہ یوکے حکومت کی روانڈا پالیسی کا مطلب ہے کہ لوگ برطانیہ میں رہنے سے "خوف زدہ" ہیں اور سرحد عبور کر کے جمہوریہ جا رہے ہیں لہذا انہیں روانڈا نہیں بھیجا جائے گا۔ آئرلینڈ کے وزیرخارجہ مسٹر مارٹن نے اس پالیسی کی مخالفت کی ہے۔