پشاور(نمائندہ جنگ)جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک کو جعلی اسمبلیوں کے ذریعے چلایا جارہا ہے،9 مئی کو پشاور میں لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، 8 فروری کے عام انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی، اقتدار کی جنگ لڑنے والوں نے دھاندلی کے ذریعے اقتدار حاصل کیا، ملک کو جعلی اسمبلیوں کے ذریعے چلایا جارہا ہے، جے یو آئی کو پارلیمنٹ سے دور رکھنے والے سن لیں ،ہم عوامی میدانوں میں ظلم وجبر کا مقابلہ کریں گے، ہم ملک بچانے نکلے ہیں، آزادی کی تحریک کے ذریعے مسلط نظام کا خاتمہ کر کے حقیقی جمہوریت بحال کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مفتی محمود مرکز پشاور میں پارٹی اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا ، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 1977 میں دھاندلی کیخلاف مولانا مفتی محمود نے تحریک کی قیادت کی تھی ،جے یو آئی نے ہمیشہ دھاندلی کے خلاف صف اول کا کردار ادا کیا ،2018 میں بھی بدترین دھاندلی ہوئی اور آج 2024 میں بھی وہی ڈرامہ رچایا گیا۔