پشاور(وقائع نگار)صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ پشاور نے چارسدہ روڈ پر خواتین کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شاہ عالم، شہید بینظیر یونیورسٹی کی وائس چانسلر اور رجسٹرار، تحصیلدار شاہ عالم اور جی آئی زیڈ حکام سمیت ذیلی محکموں کے افسران، ریونیو سٹاف اور خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔بینظیر یونیورسٹی لڑمہ چارسدہ روڈ پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا تھا۔ عوام کی سہولت اور معلومات کیلئے کھلی کچہری سے پہلے علاقے میں اعلانات کر وائے گئے تھے۔ اس موقع پر خواتین نے افسران کو اپنے مسائل کے بارے میں بتایا۔کھلی کچہری میں شکایت کی گئی کہ علاقے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بہت زیادہ ہے اور عوام کی سہولت کے لیے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے اور علاقے میں سوئی گیس کا پریشر بہت کم ہے اس لیے سوئی گیس کا پریشر بڑھایا جائے اور اورعلاقے میں سپیڈ بریکروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔