اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کو پاک فوج نے ایک دن کیلئے اعزازی کیپٹن کے رینکس لگائے۔ عامر خان کی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میں پاک فوج کا شکرگزار ہوں جس نے میری عزت افزائی کی۔ ہم جب بھی پاکستان آتے ہیں پاک فوج کی وجہ سے خود کو بہت محفوظ محسوس کرتے ہیں۔اعزاز ملنے پر فخر‘ پاک فوج نے ہمیشہ کھیلوں کے فروغ میں کردار ادا کیا ،پاکستان میں باکسنگ اکیڈمیز کھولی جائیں، میرا نوجوانوں کو پیغام ہے کہ فوکس رہیں اور محنت کریں اور خود اعتمادی پہ یقین رکھیں۔ عامر خان نے اپنے شاندار کیریئر میں بے شمار کامیابیاں سمیٹیں۔ انہوں نے 2004ء کے اولمپکس مقابلوں میں لائٹ ویٹ کیٹیگری میں صرف 17سال کی عمر میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ اعزازی کیپٹن کا رینک لگائے جانے کے بعد عامر خان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ہمیشہ کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے‘ آج یہ اعزاز ملنے کے بعد میں فخر محسوس کر رہا ہوں۔ پاک فوج کا یونیفارم پہن کر اور رینکس لگا کر وہی خوشی محسوس کر رہا ہوں‘ جیسی خوشی مجھے عالمی چمپئن بننے پر محسوس ہوئی تھی۔ پاک فوج کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے کیونکہ یہ ہمارا فخر ہے۔ آج یہ یونیفارم پہن کر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔ پاکستانی نوجوانوں کو کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینا چاہئے۔ میرا ارادہ ہے کہ پاکستان میں مزید باکسنگ اکیڈمیز کھولی جائیں اور نوجوان باکسرز کی تربیت کی جائے۔ ایک دن ہم انشاء اللہ کامن ویلتھ اور اولمپکس میں تمغے جیتیں گے۔ تقریب کے اختتام پر باکسر عامر خان پاکستان آرمی کے جوانوں اور افسروں کے ساتھ گھل مل گئے اور وقت گزارا۔ پاکستان میں کھیلوں کے حوالے سے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ اورآگے بڑھنے کی لگن موجود ہے۔ کھیلوں میں بین الاقوامی سطح پر بہت سے نوجوانوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا ۔ پاک فوج نے ہر شعبہ زندگی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے‘ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کو باکسنگ کے میدان میں کامیابیوں کے اعتراف میں ایک پروقار تقریب میں پاک فوج میں کیپٹن کے اعزازی رینکس لگائے گئے۔