• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نجی شعبے کو گندم درآمد کی اجازت دینے کا قانون عمران حکومت کا تھا، انوار الحق کاکڑ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )سابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے نجی شعبے کے ذریعے گندم خریداری کی ذمہ داری پی ٹی آئی حکومت پر عائد کرتے ہوئے کہاہے کہ کیئرٹیکر حکومت نے گندم درآمد کاکوئی نیاقانون منظورنہیں کیا‘پرائیویٹ سیکٹر کو گندم درآمد کی اجازت دینے کا ایس آراو عمران حکومت نے جاری کیاتھا‘چائے کی پیالی میں طوفان برپاکیاجارہاہے ‘اس معاملے میںجھول ہے نہ کرپشن ‘تحقیقاتی کمیٹی نے بلایاتوضرورجاؤں گا‘ گندم منگوا کر ہم نے ٹیکس کی صورت میں کچھ رقم قومی خزانے کو کماکردی اورفائدہ پہنچایا۔اتوارکو ایک انٹرویو میں انوار الحق کاکڑکا کہناتھاکہ میکانزم سمجھنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہم نے آپ کا ایک ارب ڈالر بچایا ہے، ہم نے یہ پاکستان کے ٹیکس کے پیسے سے منگوانی تھی لہٰذا ہم نے نجی شعبے کو سہولت دی کہ وہ گندم درآمد کر لے‘ہم نے قرضوں کے بوجھ کی وجہ سے ٹریڈنگ کارپوریشن کو گندم درآمد کی اجازت نہیں دی‘گندم محض آٹھ دن کے اندر پاکستان پہنچنے کے حوالے سے سوال پر سینیٹر نے کہا کہ اب جہاز مہینوں لنگر انداز نہیں رہتے‘فرنچ کمپنی لوئس نے 8دن لئے ‘وہ تین دن کے اندر بھی پہنچا سکتے ہیں۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ آپ پر یہ الزامات کیوں عائد کیے جا رہے ہیں تو انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعت تحریک انصاف ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے جوڑتی ہے، نگران حکومت کے ماڈل کی بہت تعریف ہو رہی ہے لیکنف پی ٹی آئی اس پر تنقید کرنا چاہتی ہے کہ یہ نااہل، چور اور کرپٹ تھے اور جب اپوزیشن کا سینیٹر ایوان میں کھڑے ہو کر الزام لگاتا ہے تو حکومت پر بھی دباؤ آجاتا ہے اور وہ بھی ایسے میں فوری ردعمل دے دیتی ہے۔

اہم خبریں سے مزید