• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایرانی سفیر کی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات، دورہ ایران کی دعوت

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے اسلام آباد میں ملاقات کی، ان کو امیر جماعت اسلامی منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیااور ان کو دورہ ایران کی دعوت بھی دی، ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا انتخابی نظام انتہائی جمہوری اور قابل تقلید ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ گیس پائپ لائن پر پاکستانی حکومت بین الاقوامی دباؤ سے باہر نکلے،ملاقات میں ایرانی سفیر کے 6 رکنی وفد کے علاوہ ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے۔ پاکستان اور ایران کے تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ ایرانی سفیر نے امیر جماعت اسلامی کو دورہ ایران کی دعوت دی اور کہا کہ ان کا دورہ دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ فلسطین ایشو پر ہم ایران کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں یہی ایک مسلمان ملک کا شیوہ ہونا چاہیے۔ امیر جماعت اسلامی نے توقع ظاہر کی کہ فلسطینیوں کی طرف سے مزاحمت کو ایران کی مزید حمایت کی ضرورت ہے تاکہ تحریک فلسطین کو دوام حاصل ہو۔
اہم خبریں سے مزید