• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی کی جائے‘ رحیم کاکڑ

کوئٹہ(پ ر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمد رحیم کاکڑ، اقبال شاہ ایڈووکیٹ، میر وائس ایڈووکیٹ، احمد شاہ ایڈووکیٹ اور عمر فاروق ایڈووکیٹ نے بیان میںغوث آباد خلجی روڈ و شہر کے دیگر علاقوں میں منشیات کی سرعام فروخت اور نوجوان نسل کی اس لعنت میں مبتلا ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی وجہ سے منشیات کا کاروبار دن بدن بڑھ رہا ہے جس سے معاشرہ اور نوجوان نسل تباہی کی جانب جارہا ہے۔ شہر کے ہر گلی کوچے میں منشیات باآسانی دستیاب ہے جو نوجوان نسل کے آئندہ مستقبل کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے حکومت اور آئی جی پولیس سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر غوث آباد خلجی روڈ و شہر بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔درایں اثناء محمد رحیم کاکڑ و دیگر نے صوبے میں جاری دہشتگردی کے بڑھتے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئے روز صوبے کے طول و عرض میں بے گناہ افراد کو شہید کیا جارہا ہے حکومت کو چاہئے کہ وہ دہشتگردی کے بڑھتے واقعات کے سدباب کے لئے فوری طور پر اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ کب تک اس قسم کے واقعات اور ان میں بے گناہ افراد شہید اور کئی گھرانے اجڑتے رہیں گے۔ انتخابات سے ایک دن قبل خانوزئی اور قلعہ سیف اللہ میں دھماکوں میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے۔ اس کے بعد گوادر اور صوبے کے دیگر علاقوں جبکہ گزشتہ روز خضدارمیں ہونے والے دھماکے میں کئی بے گناہ افراد شہید اور زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر دہشگردی پر قابو پانے کے لئے اقدامات کرے ۔خانوزئی، قلعہ سیف اللہ، گوادر اور خضدار کے واقعات میں شہید اور زخمی افراد کے لواحقین کے لئے معاوضے کا اعلان کیا جائے۔ جبکہ گزشتہ روز گوالمنڈی ولی چوک پر جمعہ خان خلجی کو فائرنگ سے زخمی کرنے کے واقعہ کی تحقیقات کرائی جائیں۔
کوئٹہ سے مزید