کراچی ( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی نے جامعہ کراچی کے ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے ان کے تمام مطالبات کی حمایت کر دی، جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی فاروق فرحان نے پیر کو جامعہ کراچی کے ملازمین کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی اور اپنے خطاب میں سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے تمام مطالبات منظور کیے جائیں، فاروق فرحان نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ جامعہ کراچی کو فوری طور پر 2ارب کی اضافی گرانٹ جاری کی جائے اور باقاعدہ ملنے والی گرانٹ میں بھی اضافہ کیا جائے،احتجاجی ملازمین کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں، انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ کراچی شہر کی سب سے بڑی مادر علمی ہے اسے سندھ حکومت کے ہاتھوں ہر گز تباہ نہیں ہونے دے گی، جامعہ کراچی کے طلبہ، اساتذہ اور ملازمین کے حقوق کے لیے سندھ اسمبلی میں بھی آواز اُٹھائی جائے گی۔