کوئٹہ(پ ر) حکومت نے کوئٹہ فیسٹیول کا ادبی ٹھیکہ کراچی آرٹس کونسل کو دیدیا، حکومتی خزانے سے2 کروڑ روپے کی بدر بانٹ کی تیاریاں کی جا رہی ہیں ان خیالات کا اظہار بلوچستان کے معروف شعراء و ادباء کامران قمر، پروفیسر ڈاکٹر عمران کامل ہاشمی،ڈاکٹر علی کمیل قزلباش، کامران باصر، جواد خان خلجی،سلیم یاور،غزالہ بٹ و دیگر نے اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ 15 اور 16 مئی کو کراچی آرٹس کونسل کے زیر اہتمام کوئٹہ ادبی فیسٹیول کے نام کا ڈھونگ رچایا جا رہا ہے۔جس کے لئے حکومت بلوچستان نے تعاون کی آڑ میں حکومتی خزانے کو 2 کروڑ روپے کا ٹیکا لگا دیا۔ بلوچستان کے مفادات کی بات کرنے والی حکومت کے بلند بانگ دعووں کا پول کھل گیا ۔ بلوچستان کے غریب عوام کا پیسہ دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے مخصوص ادبی و ثقافتی گروہ پر لٹائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ادباء و شعراء کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہو رہا ہےکہ کسی دوسرے صوبے کی ادبی مافیا اور مخصوص گروہ کو کوئٹہ ادبی میلے کا ٹھیکہ دیا گیا ہو۔