اسلام آباد(ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے 9مئی واقعات کو ریاست اور فوج کے خلاف بغاوت قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ سانحہ 9مئی میں ملوث شر پسندوں، سہولت کاروں اور اکسانے والوں کے لئے کوئی معافی نہیں‘9مئی کو جو کچھ ہوا وہ کسی صورت قابل برداشت نہیں، اس بارے میں قطعی کوئی نرمی نہیں ہوسکتی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نےکہاکہ 9مئی پاکستان کی تاریخ کاسیاہ ترین دن تھا، 9 مئی کے واقعات کااصل مقصد جمہوریت کاخاتمہ، آئین کی پامالی اور فرد واحد کی بادشاہت اور آمریت قائم کرنے کا مذموم منصوبہ تھا‘ ایک سال گزرنے کے باوجود 9 مئی کے مجرموں کو ابھی تک سزا نہیں مل سکی‘ ملک کے خلاف سازش کرنے والے مکروہ چہرے بے نقاب ہو گئے ہیں۔9مئی کے واقعات ریاست، افواج پاکستان اور پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کے خلاف بغاوت تھی۔جس طرح جتھے حملہ آور ہوئے اسے برداشت نہیں کیاجا سکتا۔ ملک دشمن عناصر ہمدردی کالبادہ اوڑھ کر بد ترین ملک دشمنی کامظاہرہ کررہے ہیں۔اس مقصد کے لئے ملک کے اندر عوامی اتحاد کو توڑنا فوج کے لئے عوام کی محبت کے جذبات کو ختم کرنا اور بغاوت کے ذریعے خانہ جنگی پھیلانا تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور کروڑوں عوام کی دعاؤں سے یہ قبیح منصوبہ کامیاب نہ ہو سکا اور ہمیشہ کیلئے دفن ہو گیا۔جس طرح ہم نے مل کر 9مئی کی سازش کو ناکام بنایا ہے اسی طرح پاکستان کے خلاف آئندہ بھی ہونیوالی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔دریں اثناء شہداء اور ان کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہناتھاکہ ملک سے بغاوت اور دشمنی کرنے والے سزا سے نہیں بچ سکیں گے‘9مئی کو قوم اور فوج کو تقسیم کرنے کی منظم منصوبہ بندی کی گئی، ایسا دوبارہ کبھی نہیں ہونے دیں گے۔9 مئی کے سانحہ میں جن لوگوں کا کوئی کردار نہیں انہیں کوئی ہاتھ نہیں لگا سکے گا‘9مئی کو ریاست کے خلاف بغاوت‘ملک میں تقسیم در تقسیم کی گھٹیا حرکت کی گئی، افواج پاکستان کو تقسیم کرنے کی مذموم حرکت کی گئی‘ذمہ داروں کو ہر صورت کٹہرے میں لایا جائے گا اور ان کو قانون کے مطابق سزا ملے گی تاکہ رہتی دنیا تک کوئی ایسا سوچنے کی جرأت نہ کر سکے۔ دوست بن کر ملک دشمنی کرنے والے بچ نہیں سکیں گے۔ یہ دن ملکی تاریخ میں کبھی نہیں آئے گا