کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر ممبر بلوچستان بار کونسل قاری رحمت اللہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ لاٹھی چارج اورتشدد کے ذریعے مسائل کو گھمبیر بناکر من پسند فیصلے مسلط کرنا قبول نہیں ،یہ بات انہوں نے جمعرات کو حمیرا ایڈووکیٹ ، ملک حفیظ محمد شہی ایڈووکیٹ ، کامران احمد ایڈووکیٹ و دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ۔انہوں نے کہا کہ وکلا پر لاٹھی چارج ناقابل برداشت ہے ایسے ہتھکنڈوں سے وکلا کسی صورت مرعوب نہیں ہوں گے ، لاہور کے وکلاء کے موقف کی تائید کرتے اور ان کی جدوجہد سے مطمئن ہیں وہ جو بھی کال دیں گے ہم ان کے شانہ بشانہ ہوں گے، انہوں نے کہا کہ طاقت کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، تمام معاملات کو افہام و تفہیم سے مل بیٹھ کر حل کیا جائے ۔لاہور میں وکلاء کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے وکلاء خود کو تنہا نہ سمجھیں پورے ملک کے وکلاء ان کے ساتھ ہیں ،وکلاء برادری نے ہمیشہ آئین ، قانون اور جمہوری انداز میں اپنا موقف پیش اور لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے ۔