فیصل آباد/ پشاور (جنگ نیوز)تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پی ٹی آئی کے مذاکرات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کے ساتھ کوئی مذاکرات ہورہے ہیں نہ بیک ڈور رابطہ ہے ، 9 مئی کو بہانہ بنا کر ہمیں نشانہ بنایا گیا جبکہ تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب نے کہا ہےکہ ہم پر بوگس مقدمات ہیں ، شامل تفتیش ہورہے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ شیر افضل مروت کو آج شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے اور شیر افضل مروت کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی نےکرنا ہے۔عمر ایوب نے کہا کہ ہم پر بوگس مقدمات ہیں اور اب ہم شامل تفتیش ہونےجارہے ہیں، ملک کے حالات آپ کے سامنے ہیں، ان سے ملک چل نہیں رہا، موجودہ حکومت کے خلاف عدالتوں میں رٹ دائر کررہے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم پر تشدد ہوا ہے اور ہمارے نوجوان شہید ہوئے ہیں ہم کس چیز کی معافی مانگیں؟انہوں نے مزید کہا کہ گندم بحران میں 350 ارب روپےکا ٹیکہ لگایا گیا، اس وقت محسن نقوی وزیراعلیٰ تھے اور ان کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کے لوگ بھی شامل ہیں۔ایک سوال کے جواب میں عمر ایوب کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے ساتھ ابھی تحریک شروع کرنے سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔ادھر ایک انٹرویو میں اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کسی کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے اور پی ٹی آئی کی بیک ڈور چینلز میں بھی کوئی بات چیت نہیں ہورہی، 9 مئی کو بہانہ بنا کر ہمیں نشانہ بنایا گیا، ملک تب آگے بڑھے گا جب قانون کی عمل داری ہوگی، ایک پارٹی کو فائدہ دیکر جعلی حکومت بنائی گئی، ہم اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو فنڈز اور مرضی کا چیف سیکرٹری نہ دینا افسوس ناک ہے اور صوبے کو مرضی کا چیف سیکرٹری نہ دینا فیڈریشن کے خلاف ہے، حکمران اپنی ذات اور انا سے باہر نکلیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیر افضل مروت پارٹی کا اہم ورکر ہے اور ان کی پارٹی کیلئے خدمات ہیں، شیر افضل کو سیاسی کمیٹی سے ہٹانے سے متعلق معلومات نہیں۔