پشاور (کرائم رپورٹر )پشاورکے علاقے تحصیل گورگھٹڑی محلہ اولیاءمیں نامعلوم چورقیمتی پتھروں کا کاروبار کرنے والے شخص کے گھر سے18لاکھ نقدی سمیت لاکھوں روپے مالیت کا سونا، 42قیمتی پتھرو دیگر سامان چوری کرکے فرارہوگئے۔ مسروقہ سامان کی کل لاگت 60لاکھ بتائی گئی ہے ۔تھانہ کوتوالی کوعامرخان ولدجاوید خان نے رپورٹ کی کہ وہ گزشتہ 7سال سے تحصیل گورگھٹڑی محلہ اولیاءمیں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر ہے، وہ اہلخانہ کے ہمراہ فوتگی کے سلسلے میں تنگی چارسدہ گیا ہوا تھا اور گھر کو تالہ لگایا تھا۔شام کو واپس لوٹا تو گھر میں میرے کیمرے کا تالہ ٹوٹا ہوا تھا جہاں سے الماری سے نامعلوم چوروں نے 18لاکھ ،6تولے طلائی زیوارات ،5تولے سونے کی 4انگوٹھیاں،چاندی کا سہرا، 42عدد قیمتی پتھر جن میں 5بیروج اور 2یاقوت کے پتھربھی شامل تھے سمیت 30بورپستول ،ٹیبلٹ اور خواتین کے کچھ کپڑے غائب تھے۔ مدعی نے بتایا کہ انہیں معلوم نہیں کہ چوری کس نے کی ہے اوران مسروقہ سامان کی کل مالیت تقریبا 60لاکھ روپے بنتی ہے۔ پولیس نے انکوائری کے بعد نامعلوم چوروں کیخلاف دفعہ 380,457کے تحت مقدمہ درج کرکے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور دیگر شواہد پر کام شروع کردیا ہے ۔