• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم سے سعودی کاروباری گروپ التمیمی کے صدر کی ملاقات

اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے معروف کاروباری گروپ التمیمی کے صدر اور دی سینٹورس کے چیئرمین سردار محمد الیاس خان نے رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی اور سینٹورس کے سی سی او سردار یاسر الیاس خان کے ہمراہ ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے مقامی اور بیرون ملک سرمایہ کاروں کیساتھ ساتھ غیر ملکی کمپنیوں کیلئے حکومت کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں سردار الیاس خان نے سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔انہوں نے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کیلئے ون ونڈو کو ترقی دینے اور ٹیکس مراعات فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ سرمایہ کاری کیلئے سہولیات کی فراہمی کا جامع طریقہ کار وضع کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے ایک باقاعدہ جامع سیاحتی پالیسی کے نفاذ کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نے پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں سردار محمد الیاس خان اور ان کے خاندان کی کوششوں اور سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بہتر بنانے کیلئے ان کے تعاون کو سراہا۔ ملاقات میں وزیر تجارت جام کمال اور سیکرٹری تجارت صالح احمد بھی موجود تھے۔ ستارہ پاکستان حاصل کرنے والے سردار محمد الیاس خان ایک ممتاز کاروباری شخصیت ہیں۔ انہوں نے اپنی صلاحیتوں اور کوششوں کے ذریعے پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا ہے اسلام آباد میں سینٹورس 350ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ ایک نمایاں مثال ہے۔
اہم خبریں سے مزید