• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے بعد لاہور کو بھی "روڈ ٹو مکہ" میں شامل کررہے ہیں، سعودی لیفٹیننٹ جنرل

کراچی( افضل ندیم ڈوگر) چیئرمین سعودی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن لیفٹیننٹ جنرل سلیمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ کراچی کے بعد لاہور کو بھی اگلے مرحلے میں "روڈ ٹو مکہ" پروجیکٹ میں شامل کیا جائے گا اور منصوبہ کو پاکستان کے دیگر ائرپورٹ پر بھی توسیع دی جائے گی۔ وہ کراچی ایئرپورٹ پر عازمین حج کی سعودی عرب کی امیگریشن پر مبنی "روڈ ٹو مکہ" پروجیکٹ کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ افتتاحی تقریب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری مہمان خصوصی تھے۔ گورنر نے چیئرمین سعودی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن لیفٹیننٹ جنرل سلیمان بن عبدالعزیز اور پاکستان میں سعودی سفیر کے ساتھ پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔ منصوبے کے تحت پاکستانی عازمین حج کی بڑی مشکل آسان ہوئی ہے۔ ان انہیں سعودی عرب میں امیگریشن کیلئے کئی گھنٹے انتظار نہیں کرنا پڑے گا بلکہ کراچی ایئرپورٹ پر ہی تمام مراحل طے ہوں گے اور عازمیں ڈومیسٹک مسافر کے طور پر سعودی عرب میں پہنچیں گے۔ تقریب سے خطاب میں سعودی سفیر نواف بن سعید کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں برادرانہ تعلقات ہیں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کے کئی منصوبوں پر کام شروع کرنے جا رہی ہے انہوں نے درخواست کی کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جب پاکستان کے دورے پر آئیں تو سندھ ضرور تشریف لائیں۔ تقریب کے بعد گورنر سندھ نے سعودی وفد کے ہمراہ عازمین حج کو سعودی عرب کیلئے رخصت کیا۔
اہم خبریں سے مزید