• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مظفر آباد میں مظاہرین پر لاٹھی چارج، آنسو گیس کی شیلنگ

مظفر آباد(ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر آزاد کشمیر میں مہنگی بجلی اور آٹے کیخلاف چوتھے روز بھی شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی، کاروباری مراکز اور ٹرانسپورٹ بند رہے، مختلف علاقوں سے احتجاجی قافلے مظفرآباد پہنچنے پر صورتحال کشیدہ ہوگئی، مظاہرین کی پولیس اور رینجرز سے جھڑپیں بھی ہوئیں، پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کی اور آنسو گیس کی شیلنگ کی، مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور دو گاڑیاں جلا دیں، پولیس نے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا، پولیس تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے ، اس طرح اب تک احتجاج کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 3ہوگئی، مظفرآباد سمیت دیگر اضلاع میں انٹرنیٹ سروس کچھ گھنٹے بحالی کے بعد بند کردی گئی، متحدہ ایکشن کمیٹی کیساتھ روالا کوٹ میں ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے، ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ ہمارے ساتھ تحریری معاہدہ کیا جائے، چیئر مین متحدہ ایکشن کمیٹی نے کہا ہے کہ ہمارے 3 مطالبات ہیں سستا آٹا، بجلی میں مکمل ریلیف دیا جائے، جبکہ ہمارا تیسرا مطالبہ اشرافیہ سے مراعات کی واپسی ہے، جب تک یہ تینوں مطالبات حکومت منظور نہیں کرتی ہڑتال جاری رہے گی۔تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر مہنگی بجلی اور مہنگے آٹے کیخلاف شٹرڈاؤن ہڑتال مسلسل چوتھے دن بھی جاری ہے۔ مطالبات کے حق میں مختلف علاقوں سے روانہ ہونے والا لانگ مارچ راولا کوٹ سے بذریعہ دھیرکوٹ مظفرآباد کی رواں دواں ہے۔ کوہالہ کے مقام پرپولیس اور لانگ مارچ کا آمناسامناہوا، مارچ کے شرکا نے پولیس وین کو الٹ دیا جسکے بعد پولیس نے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا، مختلف علاقوں سے احتجاجی قافلے مظفرآباد پہنچنے پر صورتحال کشیدہ ہوگئی، مظاہرین کی پولیس اور رینجرز سے جھڑپیں ہوئی جبکہ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے شیلنگ کی۔ احتجاج اور مظاہروں کے پیش نظر آج بھی تمام تعلیمی ادارے اور ضلعی دفاتر بند رہے، احتجاج کے باعث پونچھ، باغ اور جہلم ویلی سمیت پورے آزاد کشمیر میں مسلسل 4روز سے معمولات زندگی مفلوج ہیں۔ ٹرانسپورٹ نہ چلنے کی وجہ سے وادی بھر میں کھانے پینے کی اشیا کی قلت پیدا ہوگئی۔

اہم خبریں سے مزید