کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ یہ شہبازشریف حکومت کا آخری اقتدار ہے انہیں انجوائے کرنے دیں، 9مئی اور 8فروری جوڈیشل کمیشن بنانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ وہ فیصل واوڈا کی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ یہ شہباز شریف کی حکومت کا آخری اقتدار ہے،نو مئی کے واقعات پر جیوڈیشل کمیشن ضروری ہے،عمران خان جیل میں بیٹھ کر قوم کیلئے قربانی دے رہا ہے، آزاد کشمیر میں جو کچھ ہوا بہت خطرناک رجحان ہے، یہ رجحان پنجاب اور خیبرپختونخوا کا رخ کرگیا تو کیا ہوگا۔سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈانے کہا کہ میں حکومت یا اپوزیشن کا حصہ نہیں آزاد سینیٹر ہوں، پاکستان میں الیکشنوں میں دھاندلی روٹین ہے، 9مئی اور 8فروری پر جیوڈیشل کمیشن بنانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، آئی ایم ایف کے دیئے ہوئے چھولے کھانے پڑیں گے چاہے بھنے ہوں یا جلے ہوئے ہوں، آئی ایم ایف کے پروگرام میں عوام کو مشکلات اٹھانا پڑیں گی، ماضی کی غلطیوں کا قوم کو ازالہ بھرنا ہے۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ 2024ء کے فارم 47کے چھولوں کی بات کریں گے تو 2018ء کے فارم 47کے چھولوں کی بات بھی کریں، جب جہازوں پر لوگ مرغیوں کی طرح بھر بھر کر جارہے تھے تو وہ ان کی قابلیت نہیں تھی، میرے معاملہ میں مرغ چھولا ہے مجھے تردید کی ضرورت نہیں ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ سیاسی جماعتیں مذاکرات کیلئے تیار ہیں، یہ فارم 47والوں سے بات نہیں کریں گے تو فارم 45والے تو اب نہیں لاسکتے،پی ٹی آئی حکومت میں امریکا، ایران اور سعودی عرب سے تعلقات خراب ہوئے، انہوں نے اس خاص کی وجہ سے اداروں کے اندر تباہی کی، ایک چیف کو روکنے کی سازش کی گئی حالانکہ آپ کا کام نہیں ہے، پی ٹی آئی نے ایک آرمی چیف کو چیف بننے سے روکنے اور اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانے کیلئے دھرنا کیا۔