کراچی (اسٹاف رپورٹر) ورلڈ کپ سے چند دن قبل تاریخ میں پہلی بار پاکستان ٹیم کے ساتھ مینٹل پرفارمنس کوچ کا تقرر کیا گیا ہے۔ ٹیم نے نئے وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹین اتوار کولیڈ ز میں اپنی نئی دو سالہ مدت کے لئے پاکستان ٹیم کو جوائن کریں گے۔ فیلڈنگ کوچ آفتاب خان کو فارغ کرکے غیر ملکی فیلڈنگ کوچ کا تقرر کردیا گیا ہے۔ دریں اثنا پی سی بی نے ٹیم انتظامیہ کی تجویز پر سائمن ہیلمٹ (فیلڈنگ کوچ) اور ڈیوڈ ریڈ (مینٹل پرفارمنس کوچ) کو پلیئر سپورٹ اسٹاف میں شامل کرلیا ہے۔ ریڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 تک ذمہ داری نبھائیں گے جبکہ ہیلمٹ 31 مئی کو ٹیم میں شمولیت اختیارکریں گے۔ آفتاب خان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے ہائی پرفارمنس کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ گیری کرسٹن 22 مئی کو ہیڈنگلے میں انگلینڈ کے خلاف چار میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آغاز سے تین دن قبل ٹیم میں شامل ہونگے۔ اس سیریز کے بعد پاکستان ٹیم امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لے گی ۔