اسلام آباد (ایجنسیاں، نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کیس میں عمران خان کو کل جمعرات کوپیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ یہ معاملہ نیب کی پولیٹیکل انجینئرنگ میں ملوث ہونے سے متعلق ہے، عمران خان نے عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیشی کی درخواست کی ہے، اگر وہ بذریعہ ویڈیو لنک پیش ہونا چاہیں تو ہو سکتے ہیں۔
عدالت نے قومی احتساب بیورو سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت 16مئی تک ملتوی کردی۔
سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کیخلاف حکومتی اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ پراسیکیوٹر جنرل نیب اور وکیل پنجاب حکومت دونوں نے کہا کہ اس کیس میں ہم وفاقی حکومت کے دلائل کو ہی اپنائیں گے۔
ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخواہ نے کہا کہ ہم نیب ترامیم کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔