کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کے بعد پاکستانی ٹیم اپنی ڈبلن سے اگلی منزل مانچسٹر سے لیڈز پہنچ گئی ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل بدھ کو ہیڈنگلے میں کھیلا جائے گا۔ ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اتوار کو پاکستانی ٹیم کو جوائن کریں گے۔ ادھر ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے انگلینڈ نے کمک طلب کرتے ہوئے اپنے اہم کھلاڑیوں جوش بٹلر، فل سالٹ، ول جیکس، ریس ٹوپلے، معین علی، جونی بیئرسٹو اور سیم کیورن کو آئی پی ایل سے واپس بلا لیا ہے۔ یہ کھلاڑی ورلڈ کپ اسکواڈ کا بھی حصہ ہیں۔ تمام کھلاڑی پہلے ٹی ٹوئنٹی سے قبل لیڈز میں جمع ہوں گے۔ پاکستانی کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ آئرلینڈ کے خلاف پہلے میچ کے بعد کارکردگی اوربالخصوص ٹیم کی بیٹنگ میں کافی بہتری آئی، انفرادی کارکردگی میں رضوان اور فخر نمایاں رہے۔ لوئر آرڈر میں افتخار اور اعظم خان کی بیٹنگ خوش آئند ہے، آنے والی سیریز میں بھی آپ کو مثبت ارادے نظر آئیں گے۔ کوشش ہوگی کہ اسی مومینٹم کو برقرار رکھیں۔ ادھر تیسرے میچ میں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ میچ کافی اچھا رہا لیکن بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے، کوشش کروں گا کہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر کروں۔