• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم شہباز جون میں چین کا پہلا سرکاری دورہ کرینگے، تاجروں کا ایک بڑا وفد بھی ساتھ ہوگا

اسلام آباد(صالح ظافر)وزیراعظم شہباز شریف اپنے پہلے سرکاری دورہ چین پر جون کے دوسرے ہفتے میں چین جائیں گے ان کے دورے کا شیڈول دونوں ممالک طے کر رہے ہیں ۔ اعلیٰ سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ اس دورے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اورامکان ہے کہ ان کے اس دورے میں تاجروں کا ایک بڑا وفد بھی ان کے ساتھ ہوگا۔ وزیراعظم کواس دورے کی دعوت چینی صدر ژی جنگ پنگ نے دی تھی۔ ڈپٹی وزیراعظم سینیٹر محمد اسحق ڈار اپنا پہلا چین کا چار روزہ دورہ کرکے وپس آگئے ہیں وہاں انہوں نے چینی قیادت کیساتھ ثمرآور مذاکرات کیے اور پانچویں اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے چین کے ایگزیکٹو وائس وزیراعظم ڈن ژیوژنگ سے اور وزیرخارجہ وانگ یی سے بھی ملاقات کی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ دونوں ممالک افغانستان میں دہشت گردوں کی مسلسل موجودگی پر تشویش رکھتے ہیں۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے سی پیک کے حوالے سے اپنے شیئرڈ وژن کو آگے بڑھانے کے حوالے سے اپنے عزم کا اظہار بھی کیا اور اس منصوبے میں تھرڈ پارٹی کی شرکت کے حوالے سے بھی تفصیلات بے کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
اہم خبریں سے مزید