کراچی (نیوز ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ 30 جون سے پہلے سیاست میں بہت بڑا جوڈو کراٹے ہوگا، فتح حق کی ہوگی ، مقدمات کا سامنا کر کرکے تھگ گیا ہوں بہتر ہے ، اب سزائیں دیں اور جان چھوڑ دیں۔ دبئی لیکس سے متعلقہ سوال پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ یہ حکومت ہی کی لیک ہے، اس کا انجن دھواں چھوڑ رہا ہے۔ عدالتی پیشی پر میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے ایک بار پھر سیاسی پیشگوئیاں شروع کردیں ۔ انہوں نے کہا کہ چلے کاٹے، قید کاٹی مگر بانی پی ٹی آئی کے خلاف کوئی بیان یا کوئی ویڈیو نہیں جاری کی ۔ یاد رہے کہ 9مئی مقدمات میں نامزد 500سےزائد ملزمان راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کئے گئے۔ شبلی فراز، راجہ بشارت، زرتاج گل، زین قریشی سمیت 20سے زائد ملزمان کی ضمانت منظور کرلی گئی جبکہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپورکی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور ہوئی ہے۔