کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کراچی پریس کلب کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی ( جے اے سی ) نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پیر کو کوئٹہ پریس کلب پر تالا بندی کی شدید مذمت کی ہے اور کوئٹہ کے صحافیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے منگل کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔ منگل کو ( آج ) کراچی پریس کلب پر سیاہ پرچم لہرایا جائے گا۔ جے اے سی نے غیر قانونی اقدام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ کی ضلعی انتظامیہ کو پریس کلب کے معاملات میں مداخلت کا کوئی حق نہیں اور یہ عمل آزادی صحافت پر قد غن اور آئین کی خلاف ورزی ہے ۔ صحافی قیادت کا کہنا تھا کہ کوئٹہ پریس کلب کا تقدس پامال کیا گیا، واقعہ میں ملوث ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ کراچی پریس کلب، پی ایف یو جے، اور کے یو جے پر مشتمل جے اے سی نے وفاقی حکومت کی جانب سے پی ای سی اے ( پیکا ) قوانین میں ترامیم اور پنجاب حکومت کی جانب سے ہتک عزت کے قانون میں ترامیم پر بھی شدید تحفظات ظاہر کیا اور دونوں حکومتوں سے ان قوانین کی ترامیم کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ صدر سعید سربازی کی زیر صدارت اجلاس کو کنوینر جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے بریفنگ دی جنہوں نے کوئٹہ پریس کلب کی تالا بندی اور قانون میں ترامیم سمیت حالیہ واقعات کے بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں صدر پی ایف یو جے جی ایم جمالی، سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے دستور اے ایچ خانزادہ، نائب صدر پی ایف یو جے خورشید عباسی، سینئر صحافی و سابق سیکرٹری مظہر عباس، صدر کے یو جے طاہر حسن خان، جنرل سیکرٹری کے یو جے نعمت خان، صدر پیپ جمیل احمد، جوائنٹ سیکرٹری کراچی پریس کلب محمد منصف اور ممبر گورننگ باڈی نور محمد کلہوڑو نے شرکت کی۔