• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر رئیسی کی نماز جنازہ آج تہران میں، شہباز شریف شریک ہونگے

کراچی (نیوز ڈیسک) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی نماز جنازہ آج تہران میں ادا کی جائے گی ، وزیر اعظم شہباز شریف آج ایران روانہ ہوں گے جہاں وہ ابراہیم رئیسی اور دیگر کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی موت پر تعزیتی قرارداد منظور کی گئی جب کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی گزشتہ روز ہیلی کاپٹر حادثے میں موت پر پاکستان میں منگل کو یوم سوگ منایا گیا، سرکاری عمارات پر قومی پرچم سر نگوں رہا۔ اجلاس سے خطاب میں وزیر اعظم نے ابراہیم رئیسی اور دیگر رفقا کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کی حکومت اور قوم مشکل وقت میں ایران کے ساتھ کھڑی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ ابراہیم ریئسی جیّد عالم اورصاحب بصیرت رہنما تھے، پاکستان نے مخلص اور بھائیوں جیسا دوست کھو دیا۔قرار داد میں کہا گیا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم ریئسی اور ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے دیگر رفقا کی المناک حادثے میں شہادت کی خبر سے شدید صدمہ ہوا ہے، ہم دکھ اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے اہلِ خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔
اہم خبریں سے مزید