• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہتک عزت بل حرف آخر نہیں، مزید بہتر بنایا جائے، گورنر پنجاب

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبا ن حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ ہتک عزت بل حرف آخر نہیں اس پر صحافتی تنظیموں اور اسٹیک ہولڈرز سے بات ہونی چاہئے.

 مزید بہتر بنایاجائے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ پارلیمنٹ کو عدلیہ یا کسی ادارے سے لڑائی نہیں کرنی چاہئے،پاکستان پراکسیز سے بھرا ہوا ہے کوئی ایک پراکسی ہو تو ہم بات کریں، اب اوریجنل بہت کم اور پراکسیز زیادہ ہوگئے ہیں۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ ہتک عزت بل پر ملک میں طوفان برپا ہے بل پر سوچنے کی ضرورت ہے، ہتک عزت بل پر بات چیت ہو اور اس کو مزید بہتر بنایاجائے، میری ضرورت ہوئی تو میں بھی اس عمل میں شامل ہوسکتا ہوں، ہتک عزت قانون میں جلدی نہیں کرنی چاہئے تھی، قانون مشاورت سے لایا جاتا تو اچھا ہوتا،سوشل میڈیا پر جس پر جو مرضی الزام لگادیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہوتا۔ 

سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ امید ہے ہتک عزت بل کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، بل پڑھنے کے بعد اپنی قانونی ٹیم کو دوں گا وہ بھی اسے دیکھیں گے، امکان ہے میں پنجاب حکومت کو ہتک عزت بل پر نظرثانی کا کہوں گا، امید ہے اتفاق رائے ہوجائے گا لیکن اگر صوبائی اسمبلی سے بل واپس آیا تو اٹھارہویں ترمیم کے تحت برداشت کرنا پڑے گا، خواہش ہے بل پر طاقتور حلقے، صحافتی تنظیمیں اور اسٹیک ہولڈرز دوبارہ بات کریں۔

اہم خبریں سے مزید