• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل کا حماس کیساتھ جنگ میں ناکامیوں کا اعتراف، غزہ پر بمباری، 91 شہید

غزہ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) اسرائیلی قومی سلامتی کے مشیر نے حماس کیساتھ جنگ میں ناکامیوں کا اعتراف کیا ہے.

ان کا کہنا ہے کہ جنگ کا کوئی اسٹریٹجک مقصد حاصل نہیں کیا جاسکا، قیدی چھڑائے جاسکے اور نہ ہی حماس کوگرانے میں کامیابی ملی ہے ،غزہ پر بمباری میں مزید 91فلسطینی شہید ہوگئے.

 عالمی عدالت انصاف کا کہنا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کیلئے جنوبی افریقا کی درخواست پر اپنا فیصلہ آج جمعہ کے روز سنادے گی.

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی جے اسرائیل کو غزہ میں فوری طور پر جنگ روکنے کا حکم دے گی ، اسرائیل کا کہنا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں نہیں روک سکتی،حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کا بریگیڈ کمانڈر ہماری قید میں ہے .

حزب اللہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی فوج کا مرکاوا ٹینک توپ شکن میزائل حملے سے تباہ کردیا ہے ، حوثیوں نے اسرائیل جانے والے یونان کے بحری جہاز پرمیزائل حملہ کیا ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق اسرائیلی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عدالتی کارروائی سے کوئی فرق نہیں پڑتا، غزہ میں اپنے مقاصد حاصل کرکے رہیں گے.

 غزہ بھر میں اسرائیلی طیاروں کی بمباری اور گولہ باری کے نتیجے میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 91فلسطینی شہید ہوگئے، شہداء کی مجموعی تعداد 35ہزار 800اور زخمیوں کی تعداد 80ہزار 11ہوگئی ہے،مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جنین میں دو روز کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے 12فلسطینیوں کو شہید کردیا جس میں 4بچے بھی شامل ہیں.

 حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈز نے ایک ویڈیو پیغام میں اعلان کیا ہے کہ غزہ کیلئے اسرائیلی فوج کے جنوبی بریگیڈ کے کمانڈر اسف حمامی ان کی قید میں ہے جسے انہوں نے 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملوں کے دوران گرفتار کیا تھا .

 اسرائیلی میڈیا کے مطابق حمامی کے بارے میں خیال کیا جارہا تھا کہ وہ 7اکتوبر کو نیرم کبوتز میں لڑائی میں مارے گئے تھے۔

اہم خبریں سے مزید