ٹھٹہ( شاہد صدیقی) ٹھٹھہ کے قریب تین مختلف حادثات میں 9افراد جاں بحق اور 10سے زائد افراد زخمی ہوگئے ، پہلا حادثہ حیدرآباد روڈ پر ہوا جہاں پک اپ مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں 7افراد جاں بحق اور 5شدید زخمی ہوگئے، دوسرا واقعہ کینجھر جھیل کے قریب ہوا جہاں کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے پکنک منانے کے لئے جھیل آنیوالوں کی پک اپ مخالف سمت سے ا ٓنیوالی پک اپ سے ٹکراگئی جس کے نتیجہ میں ایک شخص ارشد علی موقع پر ہی جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا، تیسرا حادثے میں پراڈو اور پک اپ کے تصادم میں ایک شخص غلام سرور خاصخیلی جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جھرک کے نواحی گاؤں مانک بہرانی کے رہائشی افراد مزدوری کے لئے کوٹری انڈسٹریل اسٹیٹ جارہے تھے کہ حیدرآباد روڈ پر حمید فارم کے مقام پر مخالف سمت سے آنیوالے ٹرالر ے تصادم کے نتیجہ میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ 12 افراد کو شدید نازک حالت میں حیدرآباد اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مزید 6 افراد دم توڑ گئے اور جاں بحق افراد کی تعداد 7ہوگئی ، جن کی شناخت ریاض،بلال،عرفان سومار اور قربان اور وقار بہرانی اور آصف کے نام سے ہوئی ھے جبکہ زخمیوں میں سے بھی تین کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ، جاں بحق ہونیوالوں کی میتیں گاؤں پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور ھر آنکھ اشکبار نظر تھی ، میتوں کی تدفین مقامی قبرستان میں کردی گئی جبکہ نماز جنازہ میں منتخب نمائندوں سیاسی اور سماجی رہنماوں کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔