• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

5 جون سے 75 مائیکرون سے کم موٹائی والے پلاسٹک تھیلے ضبط کرنے کا فیصلہ

راولپنڈی(نمائندہ جنگ) 5 جون سے75 مائیکرون سے کم موٹائی والے پلاسٹک کے تھیلوں کو ضبط کر لیا جائے گا۔اس بات کا فیصلہ ڈی سی آفس راولپنڈی میں اجلاس میں کیا گیاجس میں پلاسٹک کے متبادل کے مختلف پہلوئوں پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں ضلع بھرکے تمام پلاسٹک اسٹیک ہولڈرز بشمول مینوفیکچررز، ری سائیکلرز اور صارفین نے شرکت کی۔صدارت ڈپٹی کمشنر نے کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات نے بھی شرکت کی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات نے ضلع راولپنڈی میں پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن (پروڈکشن اینڈ کنزمپشن آف سنگل یوز پلاسٹک پراڈکٹس) ریگولیشنز 2023 کے نفاذ ،نئے ضوابط پر عملدرآمد، سنگل استعمال پلاسٹک کے متبادل اشیاء پر بریفنگ دی ۔اسٹیک ہولڈرز کو مزید پائیدار متبادل پر غور کرنے کیلئے کہا گیاجن میں شاپر بیگ کی جگہ کپڑے اور کاغذ تھیلے، پلاسٹک کی کٹلری کی جگہ سٹیل یا لکڑی کی کٹلری وغیرہ شامل ہے۔ڈپٹی کمشنرنے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ضابطوں پر سختی سے عمل کریں۔
اسلام آباد سے مزید