اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین سے قبل چین سے درآمدات کے اعدادوشمار سامنے آگئے۔موجودہ حکومت میں چین سے درآمدات پرانحصار میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔اپریل میں سالانہ اور ماہانہ بنیادوں پر چین سے درآمدات بڑھ گئیں۔اپریل میں سالانہ بنیادوں پرچین سے درآمدات میں ایک سو سولہ فیصد کا بڑا اضافہ ہوا جبکہ رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ جولائی تا اپریل کے دوران چین سے درآمدات اٹھارہ فیصد بڑھیں۔پاکستان کا درآمدات کے لحاظ سے چین پر انحصار سب سے زیادہ ہے-رواں مالی سال بھی پاکستان کی کسی بھی ملک کے مقابلے میں چین سے درآمدات سب سے زیادہ ہیں-ذرائع کے مطابق گذشتہ ماہ اپریل میں چین سے دراآ مدات ایک ارب 44 کروڑ 33لاکھ ڈالرز رہیں جبکہ گذشتہ سال اپریل میں چین سے درآمدات کاحجم66 کروڑ 76لاکھ ڈالرز تھا یعنی اس سال اپریل میں سالانہ بنیادوں پر چین سے درآمدات 116فیصد بڑھی ہیں جبکہ مارچ2024میں چین سےدرآمدات ایک ارب 30 کروڑ57 لاکھ ڈالرز تھیں-ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں چین سے درآمدات میں 18 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد جولائی2023 سے اپریل 2024کے دوران چین سے درآمدات11ارب63کروڑ38لاکھ ڈالرز رہیں جبکہ گذشتہ سال اسی مدت میں چین سےدرآمدات 9ارب 84 کروڑ94 لاکھ ڈالرزتھیں۔