کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہ ہو سکا بعض آبادیوں میں لوڈشیڈنگ 12 گھنٹے سے تجاوز کر گئی ، دن اور رات باربار بجلی کی بندش نے لوگوں کو پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے، شہریوں کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے 12 سے 14 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے،ان علاقوں میں لانڈھی، کورنگی،قائدآباد، اللہ والا ٹاؤن، سٹی ریلوے کالونی، ملیر،سعودآباد، گڈاپ کےد یہات، کیماڑی ،نیو کراچی اور لیاری سمیت دیگر علاقے شامل ہیں اس کے علاوہ ناظم آباد، ایف بی ایریا، شادمان، حیدری، گارڈن ،جمشید کوارٹر پٹیل پاڑہ اور لائنز ایریا میں لوڈشیڈنگ کا 10 سے 12گھنٹے سے تجاوز کرگیا ہے، بجلی کی بار بار بندش سے امتحانات میں مصروف میٹرک اور انٹر کے طلبہ کو سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا ہے ، علاوہ ازیں نعمان شاپنگ سینٹر میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف دکانداروں نے صدر دوا خانہ کے سامنے سڑک کو بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے باعث صدر اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا ،مظاہرین کاکہنا ہےکہ چھ دن سے بجلی مکمل طور پر بند ہے،کچھ دکانیں جو بند پڑی ہیں ان کے واجبات کی وجہ سے پورے سینٹر کی بجلی بند کردی گئی ہے۔