کراچی (اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ اپنی ذمے داریوں سے فارغ ہوجائیں گے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کو نئے ہیڈ کوچ کی تلاش ہے، درخواست دینے کی ڈیڈلائن گذر چکی ہے، کسی غیرملکی نے عہدے میں دلچسپی نہیں لیکن کئی لوگوں نےمشہور شخصیات کے نام سے جعلی درخواستیں بورڈ کو بھیج دی ہیں۔ ان میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، سابق کپتان سچن ٹنڈولکر، مہندرا سنگھ دھونی اور بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت متعدد نام شامل ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بورڈ کو مجموعی طور پر لگ بھگ 3 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بی سی سی آئی کے پاس ہیڈ کوچ کے لیے آپشن محدود ہیں۔ رپورٹس کے مطابق رکی پونٹنگ، جسٹن لینگر اور اینڈی فلاور سے رابطے کیے تھے لیکن انہوں نے معذرت کرلی ہے۔ کوچنگ کیلئے سابق کرکٹر اور کولکتہ نائٹ رائیڈر کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کا نام نمایاں ہے ،بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ واضح اشارہ دے چکے ہیں کہ مقامی کرکٹرز کو کوچنگ کیلئے ترجیح دی جائے گی۔ دلچسپ بات ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ کو لیگز کی ٹیموں کی کوچنگ چھوڑنا پڑتی ہے اور اسے سال میں 10 ماہ ٹیم کے ساتھ رہنا پڑتا ہے۔