کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کے صدر انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے یوم تکبیر کے سلسلے میں قادری ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایٹمی قوت ہونے کے ساتھ پاکستان ناقابل تسخیر ہے،بیرونی طاقتیں کچھ بھی کر لیں وہ پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں،پاکستانی قوم اپنے ملک کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے ہر وقت تیار رہتی ہے،سنی تحریک کے سیکرٹری جنرل علامہ بلال سلیم قادری شامی نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کی وجہ سے سازشی عناصر اور دشمنان اسلام کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی اور شیعہ علما کونسل کے مرکزی سیکریٹی جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے یوم تکبیر پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ پاکستان دنیا اور باالخصوص اسلامی دنیا میں ایٹمی پاور کے طور پر ابھرایہ ایک غیر معمولی کارنامہ ہے، ارض وطن کو بین الاقوامی مقام و حیثیت حاصل ہوئی جسے برقرار رکھنے کیلئے ہر لحاظ سے داخلی استحکام انتہائی ضروری ہے، پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدر محمد طارق حسن نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 28 مئی کو ایٹمی دھماکے محب وطن پاکستانیوں کی طویل جدوجہد، کاوشوں ،عملی کردار اور بے لوث قربانیوں کے ثمر کا نتیجہ ہے، جے یو آئی رابطہ کے پیر قاری عبدالمنان انور نقشبندی ،حافظ احمد علی ،مفتی حماد ا للہ مدنی،مفتی عابد ، مولانا عبدالسلام شامزئی اور دیگر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 28 مئی کو ملک پہلی اسلامی ایٹمی قوت بنا ، طاقت کا توازن درست ہو اس کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان کو مستحکم رکھا جائے۔