پشاور ( آن لائن ) مشیراطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ سازشی ٹولہ کل سے 1971 اور شیخ مجیب کا ورد کررہاہے جو واپس انکے منہ پر لگ رہا ہے‘مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کل سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف شیڈول کے مطابق پریس کانفرنسز کررہی ہیں اورلکھا ہوا اسکرپٹ پڑھ رہی ہیں اور تاثر دے رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کی لڑائی پاکستان سے ہے لیکن اصل حقیقت یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی پاکستان کے لئے لڑرہے ہیں اور پاکستان کو چوروں اور لٹیروں سے صاف کرکے قوم کو حقیقی آزادی دینے کے لئے لڑ رہے ہیں۔دریں اثناء تحریک انصاف نے سقوط ڈھاکہ کے زمانے کے واقعات کو بنیاد بنا کر بانی پی ٹی آئی اور تحریک انصاف کیخلاف زہریلے پروپیگنڈے کاجواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ آمریت کے سارے دم چھلے آج کے آمر کی خوشنودی کیلئے منہ کھول کر طرح طرح کی آوازیں نکال رہے ہیں اگر عمران خان محب وطن نہیں تو اس دھرتی پر کوئی محب وطن نہیں۔ دریں اثناء ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کا جوہری پروگرام عوام کا اثاثہ ہے جس کا آغاز قوم نے اپنا پیٹ کاٹ کر کیا اور اپنے پیٹ پر پتھر باندھ کر اسے مکمل کروایا ، عمران خان اورتحریک انصاف قومی مفادات کے امین ہیں۔ترجمان نے کہا ہے کہ جاتی امرا سے بلا مقابلہ منتخب ہو کر چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر کو امتحان میں ڈال دیا ہے، الیکشن کمیشن اور عدالت عظمیٰ بلامقابلہ انتخاب کا نوٹس لیں اور اسی معیار پر اس کا تجزیہ کریں جس پر تحریک انصاف کے صاف شفاف انتخابات کو پرکھا گیا ، 8 فروری کو عوام کی جانب سے ووٹ کی پرچی کے ذریعے کئے فیصلے کے بعد اسکی سیاست پر کسی تبصرے کی ضرورت نہیں انکا کہنا تھا کہ قوم ریاستی مسندوں پر بیٹھے ہر کردار کو نہایت غور سے دیکھ رہی ہے ، آئین و قانون سے انحراف کرنیوالوں سے خود نمٹے گی۔