صوابی(جنگ نیوز/ایجنسیاں)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان جیل سے نکل کر مخالفین کاوہ حال کریں گے کہ نسلیں یاد رکھیں گی ‘تربیلا سے ایک بٹن بند کردیاتو آدھے پاکستان کی بجلی بندہوجائے گی ‘بانی پی ٹی آئی کے تمام کیسز جعلی ہیں انہیں فوری رہا کیا جائے، ان کی رہائی تک ہماری جدو جہد جاری رہے گیاور اپنا حق اسی طرح لیں گے جس طرح انگریزوں سے آزادی لی تھی‘ہم خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ صوابی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وز یراعلیٰ نے کہاکہ ہر قسم کے ترقیاتی کام ہونگے لیکن ہمارا اصل مقصد حقیقی آزادی ہے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہمارا فرض ہے، وہ حق پر ہیں، ہم وفاق سے صوبے کے حقوق کی بات کرتے ہیں تو سر اٹھا کر کرتے ہیں کیونکہ ہم فارم 45 والے ہیں‘ صوبے میں مادڑن فارمنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا، ہم نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کے علاوہ روزگار بھی فراہم کریں گے، نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کے لئے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے، آ ئندہ مالی سال کے بجٹ میں ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں، علی امین گنڈاپور کامزید کہنا تھا کہ عوام میری ٹیم بنیں اور اپنے علاقوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر کڑی نظر رکھیں، اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد اور بدعنوانی کے خلاف عوام میرا ساتھ دیں۔