کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم ایک میچ ہار جائے تو پوسٹ مارٹم ہوتا ہے، ٹی20 ورلڈکپ کے دوران ایک ماہ تک پاکستانی ٹیم پر تنقید نہ کریں بلکہ ٹیم کا ساتھ دیں۔ کھلاڑیوں کے دماغ میں آگیا کہ قوم ہمارے ساتھ ہے ان کی کارکردگی تبدیل ہوجائے گی۔ لندن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ٹیم چار ہفتے بعد فائنل میں ہوگی، ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں۔ اس سے قبل قومی ٹیم کے اعزاز میں پاکستانی ہائی کمشنر کی جانب سے پاکستان ہاؤس برطانیہ میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر میئر لندن صادق خان، سابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ، پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ میئرلندن صادق خان بھی بابر اعظم کے فین نکلے۔ انہوں نے کہا کہ بابر میرے فیورٹ پلیئر اور رول ماڈل ہیں۔ پاکستان میں بسنے والے پاکستانیوں سمیت اوورسیز پاکستانیوں کی نظریں ٹیم پر ہیں۔ مجھے پاکستانی ٹیم کی بولنگ دیکھ کر وقار یونس اور وسیم اکرم یاد آتے ہیں۔