• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا شہری سندھ کے نوجوانوں کو وفاق میں میرٹ پر نوکریاں دینے کا اعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے شہری سندھ کے نوجوانوں کو وفاق میں میرٹ پر نوکریاں دینے اور خوشحال نوجوان پروگرام کے تحت کاروبار کیلئے قرض دینے کا اعلان کیا ہے، جمعرات کو اسلام آباد میں ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات میں وزیر اعظم نے وفد کو یقین دلایا کہ شہری سندھ کے عوام کو نئے آنے والے بجٹ میں بڑا ریلیف دیا جائے گا، وزیر اعظم نے ایم کیو ایم وفد کو کراچی میں امارات حکومت کی ڈی سیلینیشن پلانٹ میں سرمایہ کاری سے آگاہ کیا اور کہا کہ وفاق شہری سندھ کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے،جلد بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کے مسائل میں بھی کمی آئے گی۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد نےجمعرات کو اسلام آباد میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کی، ایم کیو ایم کے وفد میں سید مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، سید امین الحق، جاوید حنیف اور حفیظ الدین شامل تھے جبکہ ملاقات میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثناء، اعظم تارڑ، احد چیمہ اور ڈپٹی چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیلولپمنٹ بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں ایم کیو ایم کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے کراچی حیدرآباد میرپورخاص نوابشاہ اور سکھر کے کئی مسائل پر گفتگو کی اور وزیر اعظم کو درپیش عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔

اہم خبریں سے مزید