کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی بادشاہت کی جنگ امریکا اور ویسٹ انڈیز کے میدانوں میں چھڑنے کے قریب پہنچ گئی، افتتاحی میچ میزبان امریکا اور کینیڈا کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق اتوار کی صبح ساڑھے پانچ بجے ڈیلس میں کھیلا جائے گا۔ مختصر فارمیٹ کی کرکٹ امریکا کو جکڑنے کیلئے تیار ہے۔20ممالک شریک، تمام بڑی ٹیموں کی نظریں ٹرافی پر مرکوز ہیں۔ پاکستان اور بھارت کا نو جون کو ہونے والا میچ ہر ایک کی توجہ کا مرکز ہے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا یہ نواں مقابلہ ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم برطانیہ کا دورہ مکمل کرکے جمعے کودو گروپس میں لندن سے امریکاکے شہر ڈیلس کے لیے روانہ ہوئی۔ پاکستان کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ6جون کو امریکا کے خلاف ڈیلس میں کھیلے گی۔ مقابلوں کیلئے ٹیموں کے وارم اپ میچ جاری ہیں ۔ اس سلسلے میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو35رنز سے شکست دے دی۔ ویسٹ انڈیز نے4وکٹوں پر257رنز بنائے۔آسٹریلیا کی ٹیم7وکٹوں پر222رنز بنا سکی۔ آسٹریلیا کو دوسرے وارم اپ میچ میں بھی9کھلاڑی دستیاب نہیں تھے، آسٹریلوی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف نے فیلڈنگ کی۔ آئی پی ایل پلے آف کی وجہ سے آسٹریلوی کھلاڑی تاخیر سے ویسٹ انڈیز پہنچ رہے ہیں۔ دوسری جانب بھارت اور بنگلا دیش کے کپتان نیویارک کے کرکٹ اسٹیڈیم سے بے انتہا متاثر دکھائی دے رہے ہیں۔ نیویارک کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان ہفتے کو وارم اپ میچ کھیلا جائے گا،34ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے اسٹیڈیم میں ڈراپ ان پچز ہیں۔ بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ یہ بہت خوبصورت اور کھلا اسٹیڈیم ہے،اس اسٹیڈیم کے ماحول کو محسوس کرنے کے لیے زیادہ انتظار نہیں کر سکتا۔ نیویارک میں فینز بھی میچ دیکھنے کے منتظر ہوں گے۔ بنگلادیشی کپتان نجم الحسن شنتو نے کہا کہ اسٹیڈیم کی تصویریں انٹر نیٹ پر دیکھیں، اب یہ ایک مکمل اسٹیڈیم بن چکا ہے، بڑا اچھا محسوس ہو رہا ہے ، ہم شاندار اسٹیڈیم میں میچ کھیلنے کے منتظر ہیں۔