کراچی (جنگ نیوز) امریکہ پہلی بار بڑے کرکٹ ٹورنامنٹ کی مشترکہ میزبانی کر کے تاریخ رقم کرے گا۔ امریکہ اور کینیڈا کے درمیان ڈیلس میں میچ سے ایک ماہ طویل ٹی 20ورلڈکپ کا آغاز ہو جائے گا۔ ویسٹ انڈیز اس ایونٹ کا مشترکہ میزبان ہے۔امریکہ کو شریک میزبان کے طور پر منتخب کرنے کے فیصلے کو بعض افراد اس کھیل میں مزید پیسہ لانے کی کوشش قرار دیتے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ہیڈ آف ایونٹس کرس ٹیٹلی کے مطابق حقیقت یہ ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ امریکہ میں اس لیے آیا ہے کیوں کہ یہاں کرکٹ میں دلچسپی لی جا رہی ہے۔کرکٹ ورلڈ کپ اور پھر 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت سے امریکہ میں اس کھیل کی مقبولیت بڑھے گی۔