• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاق میں گریڈ 22؍ کے صرف 2، گریڈ 16؍ کے 22؍ ملازمین پی ایچ ڈیز

اسلام آباد (انصار عباسی) :… وفاقی حکومت کی پوری سول سروس میں گریڈ 22؍ میں صرف دو پی ایچ ڈی افسران ہیں جبکہ گریڈ 16؍ میں پی ایچ ڈی ملازمین کی تعداد 11؍ ہے۔ 

مجموعی طور پر چار لاکھ 36؍ ہزار 243؍ وفاقی سرکاری ملازمین میں پی ایچ ڈی ملازمین کی تعداد صرف 203؍ ہے۔ گریڈ ایک تا 16؍ کے ملازمین کو دیکھیں تو ایسے وفاقی سرکاری ملازمین کی تعداد 15؍ ہے جن کے پاس پی ایچ ڈی ڈگری ہے، جبکہ گریڈ 17؍ اور اس کے اوپر گریڈز کے پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈر ملازمین کی تعداد 188؍ ہے۔ 

بائیس گریڈ میں صرف دو افسران پی ایچ ڈی ہیں، اکیس گریڈ میں صرف 6؍ افسران پی ایچ ڈی ہیں، جبکہ گریڈ 16؍ کے پی ایچ ڈی ملازمین کی تعداد 11؍، گریڈ تین تا دس کے ملازمین میں سے دو پی ایچ ڈی ہیں جبکہ گریڈ گیارہ تا پندرہ کے دو ملازمین پی ایچ ڈی ہیں۔ 

وفاقی حکومت میں سب سے زیادہ پی ایچ ڈی ہولڈرز کا تعلق گریڈ 19؍ سے ہے اور ان کی تعداد 80؍ ہے۔ گریڈ 18؍ میں 59، گریڈ 17 میں 23 اور گریڈ 20؍ میں 18؍ افسران کے پاس پی ایچ ڈی کی ڈگری ہے۔ 

وفاقی حکومت کے سرکاری ملازمین کی 19ویں مردم شماری کے مطابق، ایم فل کی ڈگری کے حامل گریڈ ایک تا 16؍ کے ملازمین کی تعداد گریڈ 17؍ کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ مجموعی طور پر 3491 کے پاس ایم فل کی ڈگری ہے۔ 

1788ایم فل ڈگری ہولڈر ملازمین کا تعلق گریڈ 16؍ اور اس سے کم گریڈ سے ہے۔ گریڈ 17؍ اور اس سے اوپر کے گریڈز میں ایم فل افسران کی تعداد 1703 ہے۔ ایم فل ڈگری ہولڈرز سرکاری ملازمین کی سب سے زیادہ تعداد گریڈ 16؍ میں کام کر رہی ہے جو 1377؍ ہے۔ بائیس گریڈ کا صرف ایک سرکاری افسران ایسا ہے جس کے پاس ایم فل کی ڈگری ہے۔ 

گریڈ اکیس میں ایم فل ڈگری ہولڈر افسران کی تعداد 18 ہے۔ 411 ایم فل ڈگری ہولڈر گریڈ 11؍ تا 15؍ کی اسامیوں پر، 955 گریڈ 17؍ میں، 452 گریڈ 18؍ میں، 221 گریڈ 19؍ میں جبکہ 56 افسران گریڈ 20؍ میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ 

ماسٹرز ڈگری ہولڈر ملازمین کی تعداد کو دیکھیں تو ماسٹرز ڈگری ہولڈر ملازمین کی تعداد 50؍ ہزار 140؍ ہے اور سب سے زیادہ یعنی 17؍ ہزار 339؍ ماسٹرز ڈگری ہولڈر ملازمین گریڈ تین تا 10؍ پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ 

گریڈ 11؍ تا 15؍ میں 10؍ ہزار 257؍ ملازمین کے پاس ماسٹرز ڈگری ہے، گریڈ 16؍ میں 8345، گرٰڈ 17؍ میں 7796، گریڈ 18؍ میں 3319، گریڈ 19؍ میں 1855 ملازمین ماسٹرز ڈگری ہولڈر ہیں جبکہ گریڈ 20؍ میں 775، گریڈ 21 میں 331 جبکہ گریڈ 22 میں 81 افسران ماسٹرز ڈگری ہولڈر ہیں۔

 وفاقی سول سروس میں بیچلر ڈگری ہولڈرز کی کل تعداد 60؍ ہزار 487 ہے۔ ان میں گریڈ 16 اور اس سے ذیلی گریڈز کے 52؍ ہزار 848 جبکہ گریڈ 17؍ اور اس سے بالا گریڈ کے افسران کی تعداد 7639 ہے۔ 

اس زمرے میں سب سے زیادہ تعداد گریڈ تین تا دس کے سرکاری ملازمین کی تعداد آتی ہے جو 30؍ ہزار 984 ہے۔ حیرت انگیز طور پر گریڈ 17؍ اور اس سے بالائی گریڈ کے 481 افسران ایسے ہیں جن کی تعلیمی قابلیت صرف میٹرک تک ہے، گریڈ 17 اور اس سے بالا گریڈ کے 693 افسران کی تعلیم انٹرمیڈیٹ (ایف اے یا پھر ایف ایس سی) ہے۔

 گریڈ 19؍ میں تین، گریڈ 18 میں 260 جبکہ گریڈ 17 میں 430 افسران ہیں جن کی تعلیم انٹرمیڈیٹ تک ہے۔ میٹرک پاس کرنے والے وفاقی حکومت کے سرکاری ملازمین گریڈ 17 میں 486 جبکہ گریڈ 18 میں 13 ہیں۔

اہم خبریں سے مزید