• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قاتلانہ حملے میں زخمی جے یو آئی کے رہنما جاں بحق

وانا / کراچی (نمائندہ جنگ/ اسٹاف رپورٹر) قاتلانہ حملے میں زخمی جے یو آئی کے رہنما جاں بحق ہوگئے ، مولانا مرزا جان کی نماز جنازہ وانا میں ادا کی گئی ۔ سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ مرزا جان کی شہادت حکومت پر بد نما داغ ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہید مولانا میرزا جان کی نمازِ جنازہ سپورٹس کمپلیکس وانا میں ادا کی گئی جس میں ایم این اے زبیر خان، ایم پی اے عجب گل، سابق ایم این اے علی وزیر، مولانا جمال الدین، سابق سینیٹر مولانا صالح شاہ کے علاوہ علاقے معززین اور سوسائٹی کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے ہزاروں قبائل نے شرکت کی۔ جنازہ سے پہلے جے یو آئی لوئر وزیرستان کے علماء نے حکومت سے مولانا میرزاجان کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرنے اور انھیں کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ مولانا میرزاجان سی ایم ایچ پشاور میں تین دن زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد بالآخر خالق حقیقی سے جاملے۔ مولانا میرزاجان کی موت کی خبر لوئر وزیرستان کے علاقے میں جنگل کی آگ کی طرح علاقے میں پھیل گئی اور جنازہ گاہ کی جانب لوگ ایک بڑی تعداد میں امڈ آئے۔ مولانا میرزا جان عیدالضحیٰ سے دو دن پہلے دژہ غنڈئی کے گاؤں میں شام کے وقت دستاربندی کی تقریب سے اپنے گھر واپس آرہے تھے کہ راستے میں نامعلوم مُسلح افراد نے ان پر فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا تھا اور ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انھیں سرکاری ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ ہسپتال پشاور منتقل کیا گیا۔ ادھر جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے جےیو آئی کے سئیرہنما مولانا مرزا جان کی قاتلانہ حملے میں شہادت حکومت اور اداروں کی کارکردگی پر بدنما داغ ہے۔
اہم خبریں سے مزید