• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوشت کابے دریغ استعمال، سیکڑوں شہری ڈائریا، گیسٹرو کا شکار

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) عیدقرباں پرگوشت کے بے دریغ استعمال سے بڑی تعداد میں شہریوں کی طبیعت خراب ہوئی ۔ بسیار خوری و بدپرہیزی سے سیکڑوں شہری ڈائیریا، گیسٹرو اور پیٹ کےدیگر امراض میں مبتلا ہوئے، عید کے دو دنوں کے دوران جناح اسپتال میں ایسے 142، سول میں160اور عباسی اسپتال میں 140 مریضوں کو لایا گیا،ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری تہواروں پر کھانے پینےمیں اعتدال کا مظاہرہ کریں ، دل کے امراض میں مبتلا سیکڑوں افراد کی حالت بھی غیر ہوئی جنہیں مختلف سرکاری و نجی اسپتالوں میں لے جایا گیا۔ جناح اسپتال کراچی میں عید کے پہلے روز84جبکہ دوسرے روز57افراد کو بدہضمی کی شکایت پر لایا گیا، سول اسپتال کراچی میں عید کے پہلے روز 97جبکہ دوسرے روز 63افراد کو لایا گیا جنہیں بدہضمی، ہیضے اور پیٹ میں تکلیف کی شکایت تھی۔ عباسی شہید اسپتال میں ان تکالیف کے ساتھ عید کے پہلےروز72 جبکہ دوسرے روز68 افراد کو لایا گیا۔ ماہرین صحت کے مطابق شہریوں نے حفظان صحت کے اصولوں کونظر انداز کرتے ہوئے بے دریغ گوشت کا استعمال کیا، باربی کیو کے ساتھ زیادہ چکناہٹ اور دیر سے ہضم ہونے والی غذائیں کھائیں اور کولڈ ڈرنکس کا بھی استعمال کیا جس سے پیٹ کے امراض بڑھے۔ ماہرین صحت کے مطابق عید پر شہری بالخصوص بزرگ افراد بدپرہیزی کرتے ہیں اورگوشت کا مقررہ مقدار سے بہت زیادہ استعمال کر جاتے ہیں، بزرگ افراد عموماً ذیابطیس، بلڈ پریشر اور دل کے امراض میں مبتلا ہوتے ہیں جنہیں گوشت کے کم استعمال کی اجازت ہوتی ہے لیکن وافر مقدار میں استعمال سے ان کا بلڈ پریشر قابو میں نہیں رہتا جبکہ وہ ڈائیریا اور گیسٹرو کے امراض میں بھی مبتلا ہو جاتے ہیں اور اکثر وبیشتر یہ دل کے دورے کا باعث بنتا ہے پھر انہیں اسپتال لایا جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ تہواروں اور تقریبات میں بھی کھانے میں اعتدال سے کام لینا چاہیے گوشت کے ساتھ سبزیوں اور پھلوں کا بھی استعمال کرنا چاہیےاور بازاری کھانوں سے پرہیز کرنا چاہیے۔
اہم خبریں سے مزید