• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی کے اعتراضات درست، ایسا نہیں بجٹ میں ان سے مشاورت نہیں کی گئی، رانا ثناء

فیصل آباد(نمائندہ جنگ ) وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ معاشی بہتری کے اثرات عام آدمی تک پہنچ رہے ہیں، امید ہے رواں سال کے مالی بجٹ سے ملک معاشی بحران سے باہر نکل آئے گا۔پیپلز پارٹی کے اعتراضات 100 فیصد درست ہیں ، ایسا نہیں بجٹ میں پی پی پی سے بالکل مشاورت نہیں کی گئی۔ بجٹ کوئی فائنل فِگر نہیں اس پر ابھی بحث اور تجاویز ہوں گی، اگر مشاورت میں کوئی کمی رہ گئی ہے تو بجٹ پر بحث کے دوران پیپلزپارٹی کے تحفظات زیر غور لائے جائیں گےنماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، قوم دعا کرے ملک اب دوبارہ کسی حادثے سے دوچار نہ ہو۔جب مسلم لیگ ن نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا تو ہر دفعہ سازش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ 30 جون سے قبل بجٹ پاس کرے گی، حکومتی اخراجات میں کمی لائی جائے گی، میاں شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت پاکستان کو معاشی دلدل سے نکالنے میں لگی ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال بڑی محنت اور جدوجہد کے ساتھ آئی ایم ایف کے ساتھ وہ معاہدے کئے گئے جس سے عام آدمی کی زندگی زیادہ متاثر نہ ہو۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ امید ہے رواں سال کے مالی بجٹ سے ملک معاشی بحران سے باہر نکل آئے گا، آئندہ سال انہیں دنوں میں جب ہم نیا بجٹ لا رہے ہوں گے تو یہ پریشانیاں بھی حل ہو چکی ہوں گی۔
اہم خبریں سے مزید