کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان رینجرز (سندھ) اور کسٹمز انٹیلی جنس کا انسداد اسمگلنگ کے لئے کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ) اورکسٹم انٹیلی جنس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر غیرقانونی اسمگل شدہ کپڑے کے خلاف کراچی کے مختلف علاقوں جامعہ کلاتھ مارکیٹ، لکھنوکلاتھ مارکیٹ اور دہلی کلاتھ مارکیٹ صدر ٹاؤن کراچی میں واقع گوداموں میں مشترکہ کارروائی کی گئی۔دوران کارروائی کروڑوں روپے مالیت کا بھاری مقدار میں اسمگل شدہ کپڑا برآمد کر لیا گیا۔ دوران کارروائی 7 مشتعل مزاحمت کاروں کو گرفتار کر کے پو لیس کے حوالے کر دیا گیا جبکہ برآمد شدہ اشیاء23مزدا ٹرکوں کے ذریعے مزید قانونی کاروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دیاگیا ہے۔ ترجمان سندھ رینجرز نے کہا ہے کہ پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے اسمگلنگ کے مکمل خاتمے تک آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔