کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دہشت گرد گروپس کی جانب سے دھمکیوں کے بعد ٹیموں کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ امریکی حکام سیکیورٹی معاملات میں کوئی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں ہیں۔ بھارتی ٹیم اور کھلاڑیوں میں خاص طور پر ویرات کوہلی کو سیکورٹی اہلکار گھیرے میں رکھتے ہیں ان کے قریب غیر متعلقہ افراد کو آنے کی اجازت نہیں ہے۔ ویرات کوہلی کے مسلح سیکورٹی اہلکاروں کے گھیرے میں گراؤنڈ آمد کی ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچ میں ہفتے کو ہونا ہے۔ چند روز قبل پاک بھارت ٹاکرے سے قبل دہشت گردی کے حملوں کی دھمکیاں سامنے آ ئیں تھیں۔ گورنر نیو یارک، نیو یارک پولیس اور آئی سی سی نے فُول پروف سیکورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔