• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد پرواز کی واپس کراچی میں ہنگامی لینڈنگ، گورنر سندھ بھی سوار تھے

کراچی( افضل ندیم ڈوگر) نجی ائیر لائن کی کراچی سے اسلام آباد کی پرواز نے روانگی کے 50منٹ بعد کراچی ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، جہاز میں سوار گورنر سندھ کامران ٹیسوری سمیت تمام مسافر محفوظ رہے۔ ذرائع کے مطابق ائیر جناح کی پرواز ایف جے ایل 670 اتوار کی صبح 7 بجکر 5 منٹ پر کراچی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئی طیارے میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، ان کی فیملی اور دیگر 150 مسافر بھی سوار تھے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ طیارے میں اڑان بھرنے کے فوری بعد اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہوئی، جس پر کپتان نے کراچی ائیر ٹریفک کنٹرول سے فوری ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ پائلٹ طیارے کو نواب شاہ سے واپس کراچی لایا اور روانگی کے 50 منٹ بعد باحفاظت ہنگامی لینڈنگ کرائی۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ہنگامی لینڈنگ کے وقت طیارے کے اندر سے عجیب و غریب آوازیں آتی رہیں جس کی وجہ سے مسافر شدید خوفزدہ ہوگئے اور بحفاظت لینڈنگ کے دعائیں کرنے لگے ۔ سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد پرواز کو منسوخ کردیا گیا۔ طیارہ گراؤنڈ کیے جانے کی وجہ سے اسلام اباد سے کراچی کی پرواز منسوخ کر دی گئی۔
اہم خبریں سے مزید