اسلام آباد (مہتاب حیدر) پاکستان چینی IPPs کی ادائیگیوں کی مدت میں توسیع کی درخواست کریگا، اگر چینی آئی پی پیز مان جاتی ہیں تو بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3 روپے کمی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ پاکستان پانچ سال کے لیے چینی آئی پی پیز کی بقایا ادائیگیوں کی مدت میں توسیع کی درخواست کرنے کے لیے تیار ہے۔ وزیراعظم سی پیک کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے لیے چین کا دورہ کرنے والے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صارفین کے لیے بجلی کی قیمت کم کرنے کی کوشش میں پاکستان چینی آئی پی پیز (انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز) کی واجب الاداء رقم کی پانچ سال کے لیے ادائیگی کی مدت میں توسیع کے حصول کا آپشن تلاش کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ اگر چینی آئی پی پیز مان جائیں، جو کافی مشکل لگتا ہے، تو یہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3روپے فی یونٹ کمی کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔ اس وقت بجلی کی قیمت کو کم کرنے کا یہی واحد آپشن ہے۔ پیر کو دی نیوز کے پاس دستیاب تفصیلات سے پتہ چلتا ہے کہ موجودہ پاور ٹیرف کا ڈھانچہ پہلے 10 سالوں میں قرض کی ادائیگیوں پر توجہ مرکوز کرتا ہے، جس سے پروجیکٹ کے ابتدائی مرحلے کے دوران صارفین پر کافی مالی بوجھ پڑتا ہے۔