لاہور (پرویز بشیر ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس کا تعلق معیشت کی بحالی اور سی پیک کے احیاء سے ہے ہم اقتصادی ترقی اور سی پیک کے دوسرے مرحلے کے آغاز میں کسی کو رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے 40سالہ سیاست میں معیشت کی بحالی کیلئے میرا اتنا خون پسینہ نہیں بہا جتنا اب بہا وہ گزشتہ روز’ جنگ‘ سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ اس وقت دنیا کے بہت سے اور خاص طور پر ہمارے دوست ممالک اربوں کی سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں میں پچھلے دور میں جان بوجھ کر رخنہ اندازی کی گئی بلکہ اس کے ساتھ کئی دوست ممالک کو ناراض کیا گیا ہم نے دن رات ایک کر کے ان تلخیوں خرابیوں اور کوتاہیوں کو دور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے معیشت مضبوط ہو رہی ہے اس کے مخالف بھی زیادہ سرگرم ہو رہے ہیں۔